پناجی، 6 نومبر: قانونی امور کے وزیر رماکانت کھلپ نے ہندستانی خلائی تحقیقی پروگرام اسرو کے سائنس دانوں اور دیگر عملہ نیز یو پی اے حکومت کی مریخ مشن کے کامیاب آغاز کی تعریف کی ہے۔
مسٹر کھلپ نے کل رات کہا کہ اسرو کی مہارت مستعدی اور ثابت قدمی کی طویل تاریخ ہے جس کا آغاز پنڈت جواہر لال نہرو کی بصیرت سے ہوا۔ ہندستان کے دور رس نگاہ رکھنے والے وزیراعظم نے انڈین راکٹری اور متعلقہ سائنسی تحقیق کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
سائنس دانوں اور وزیراعظم منموہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر کھلپ نے کہا کہ منگل یان ہندستان کی سائنسی ترقی میں ایک سنگ میل ہے جس کی وجہ سے ہندستان سیٹیلائٹ مریخ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا ہے۔ یہ اس بات کا بھی غماز ہے کہ اہل قیادت میں ملک ہر شعبہ میں ترقی کررہا ہے۔