نئی دہلی، 24اگست (یو این آئی) سابق وزیر خزانہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر ارون جیٹلی کا سنیچر کو یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں انتقال ہوگیا۔ وہ 67برس کے تھے۔
ان کے کنبہ میں ان کی بیوی، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ وہ 9اگست سے ایمس میں داخل تھے۔ ان کی پیدائش 1952 میں دہلی میں ہوئی تھی اور 1974میں انہوں نے سیاست کی شروعات کی تھی۔
واجپئی حکومت کے دوران انہیں 13 اکتوبر 1999کو اطلاعات و نشریات کا وزیرمملکت (آزادنہ چارج) مقرر کیا گیا۔ انہیں وزیر مملکت برائے سرمایہ کشی (آزادانہ چارج)بھی مقرر کیا گیا۔ مودی حکومت کی پہلی مدت کار میں وہ وزیر خزانہ بنے تھے۔
مسٹر جیٹلی 1982میں جموں وکشمیر کے سابق وزیر خزانہ گردھاری لال ڈوگرہ کی بیٹی سنگیتا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے تھے۔ مسٹر جیٹلی کے کنبہ میں بیوی، بیٹا روہن اور بیٹی سونالی ہیں۔