لکھنؤ(نامہ نگار)گومتی نگر علاقہ میں رہنے والے سابق ڈی جی پی آر سی شرما کے ساتھ ہوئی دولاکھ ۸۰ہزار روپئے کی ٹھگی بھی نائیجیریا میں بیٹھے جعلسازوں نے کی تھی۔ اس بات کاانکشاف کرتے ہوئے آج سائبر کرائم سیل نے نائیجیرین جعلسازوں کے دو ہندوستانی مدد گاروں کو گرفتار کیا ہے۔
سی او حضرت گنج اور سائبر کرائم سیل انچارج دنیش یادو نے بتایا کہ گومتی نگر کے وشال کھنڈ میں رہنے والے سابق ڈی جی پی آر سی شرما کے پاس گذشتہ ۲۸؍اگست ۲۰۱۳ء کوآئی سی آئی سی آئی بینک ملازم بن کر انل یادو نام کے ایک شخص نے فون کیا تھا اس نے آر سی شرما کو آن لائن ٹرانزیکشن کی سہولت فراہم کرانے کا جھانسہ دے کر ان کے کھاتے کی پوری معلومات حاصل کر لی تھی۔ اس کے بعد جعلساز نے ان کے کھاتے سے دولاکھ ۸۰ہزار روپئے نکال لئے۔ سابق ڈی جی پی کو جب اس بات کا پتہ چلا تو انہوں نے اس بات کی اطلاع گومتی نگر پولیس کو دی۔ پولیس نے اس معاملہ میں دھوکہ دہی اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت رپورٹ درج کر لی۔ تفتیش کے دوران گذشتہ ۱۲دسمبر کو سائبر کرائم
سیل نے سابق ڈی جی پی کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والے گروہ کے تین افراد بھوپال کے اروند، شویندر سنگھ اور گوالیار کے اروند ورما کو گرفتار کیا تھا۔
تفتیش کے دوران سائبر کرائم سیل کو اس بات کا پتہ چلا کہ سابق ڈی جی کے ساتھ دھوکہ دہی کی سازش نائیجیرین جعلساز نے تیار کی تھی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ ممبئی کے تھانے کے جے پرشوتم کھوبریکر کے تار نائیجیرین جعلساز جسٹی سے ہیں۔ جسٹی نے ہی سابق ڈی جی پی کے بینک کھاتے کی تفصیل اس کو دی تھی۔ اس کے بعد پرشوتم نے اپنے فون سے ہی آئی سی آئی سی آئی بینک ملازم انل یادو بن کرسابق ڈی جی پی کو فون کر کے ان کا پاسورڈ اور دیگر خفیہ معلومات حاصل کی تھیں۔ اس کے بعد پُرشوتم اور پہلے پکڑے گئے جعلسازوں نے ان کے کھاتے سے روپئے نکال کر آگرہ کے سونوعرف ساحل کے کھاتے میں ٹرانسفر کر دیئے تھے۔ جعلسازوں کو گرفتار کرنے والی ٹیم کے مطابق جعلسازوں نے اب تک دھوکہ دہی کر کے کروڑوں روپئے کی ہیرا پھیری کی ہے۔