لندن: انگلینڈ، یارکشائر اور سمرسیٹ کی کرکٹ ٹیموں کے سابق کپتان برائن کلوز 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ برائن کلوز انگلینڈ کرکٹ ٹیم میں ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی تھے۔ انھوں نے اپنا پہلا میچ 18 سال کی عمر میں نیوزی لینڈ کے خلاف 1949 میں کھیلا تھا۔ یارکشائر نے کلوز کی قیادت میں چار کاؤنٹی چیمپیئن شپ ٹائٹل جیتے۔ اپنی نڈر بلے بازی کے لئے مشہور برائن کلوز نے 22 ٹیسٹ میچوں میں سات بار انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔
ریٹائرڈ ٹیسٹ ایمپائر ڈیکی برڈ کا کہنا ہے کہ ‘برائن کلوز یارکشائر اور انگلینڈ کے آل ٹائم گریٹ کھلاڑی ہیں۔’ یارکشائر کے جانب سے کلوز کے ساتھ کھیلنے والے اور یارکشائر کلب کے موجودہ صدر ڈیکی برڈ نے کلوز کے بارے میں بتایا کہ ‘وہ ہمیشہ شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کرتے تھے اور بیٹ سے تقریباً ایک گز دور کھڑے ہوتے تھے اور جب بھی گیند ان کی طرف آتی وہ کبھی جھکتے نہیں تھے۔
گیند اگر انھیں لگ جاتی تو وہ جلدی سے دوبارہ کھڑے ہوجاتے۔’ ان کی قیادت میں 1966 اور 1967 کے درمیان انگلینڈ نے چھ ٹیسٹ میچ جیتے جبکہ سات میچ برابری پر ختم ہوئے۔ وہ کرکٹ کے علاوہ اپنی جوانی میں فٹ بال بھی کھیلا کرتے تھے۔ انھوں نے لیڈز یونائٹڈ، آرسنل اور بریڈفورڈ سٹی کی نمائندگی بھی کی تھی۔