اعظم گڑھ سال نو میں ضلع کے لوگوں کو جگمگاتاہوااعظم گڑھ دیکھنے کو ملے گا۔وجہ یہ ہے کہ میونسپل بورڈ کے ذریعہ جدید لائٹوں کو شہر میں جگہ جگہ لگانے کا کام شروع کردیاگیا ہے اس سلسلے میں میونسپل بورڈ کے ایگزیکٹیو افسر وی پی سنگھ نے بتایاکہ پندرہ لاکھ کی لاگت والی کرامپٹن گریوزکمپنی کے ذریعہ بنی اے سی پی ٹی ماڈل کی لائٹیں خرید کر شہر کے دونوں پلوں سدھاری اور نرولی کو جگمگانے کا کام شروع کردیاگیا ہے۔ لائٹ انسپکٹر پشپیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ہی نرولی پر مشرق کی جانب پولوں پرایک لائن سے نئے کلیمپ لگواکر مکمل کرادیاگیاہے۔لائٹیں کافی اچھی اور جدید ماڈل کی ہیں۔یہ لائٹیں موجودہ وقت میں بڑے شہروں میں ہی دیکھنے کو ملتی ہیں۔
میونسپل بورڈ صدر کے نمائندے دینو جیسوال نے بتایاکہ شہر کو روشن کرنے کا منصوبہ تیارکر لیاگیاہے۔ اس کے تحت رکن پارلیمنٹ رماکانت یادو کے فنڈ سے شہر کے ۲۵اہم مقامات پر ۱۶میٹر ہائی ماسٹ لائٹ لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔پسماندہ علاقہ گرانٹ فنڈ کے تحت ۳۴عدد سولیم لائٹ پرانا پور انڈسٹریل اسٹیٹ روڈ سے اے آرٹی او دفتر تک آئندہ ہفتہ میں لگاکر مذکورہ سڑک کو روشن کیاجائے گا۔
ساتھ ہی شہر کے دیگر اہم مقامات پر روشنی کا بندوبست کرانے کیلئے میونسپل بورڈ پرعزم ہے۔شہر کے اوور بریج پر روشنی کا بندوبست کرانے کیلئے برج کارپوریشن سے خط وکتابت جاری ہے۔جلد ہی شہر کے تینوں اہم چوراہوں گرجاگھر، ریدوپور تریمورتی، ڈی اے وی پارک میں فوارہ وغیرہ لگاکر شہر کی تزئین کاری کے سلسلے میں ایک نیاکام کیاجائے گا۔ساتھ ہی ترقیاتی اتھارٹی سے بوالی موڑ،باغیشور نگر سے کرتال پور بائیپاس اور راج گھاٹ پر پورے راستے پر روشنی کا بندوبست کرانے کیلئے ضلع مجسٹریٹ سے درخواست کی گئی ہے۔