لکھنؤ۔ (بیورو)۔ ریاست کو سال نو کے پہلے دن نیا ڈی جی پی ملے گا۔ حکومت آج فیصلہ نہیں کر پائی کہ کسے ڈائریکٹر جنرل پولیس بنایا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کی صدارت میں منعقد سلیکشن کمیٹی کے جلسہ میں متعدد ناموں پر غور کیا گیا لیکن کسی کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہو سکااس کے بعد وزیر اعلیٰ نے اپنا فیصلہ کل تک کیلئے ملتوی کر دیا ۔ اب جمعرات کو وزیر اعلیٰ طے کریں گے کہ ریاست کا آئندہ ڈی جی پی کون ہوگا۔ ڈی جی پی آنند لال بنرجی کے سبکدوش ہونے سے یہ عہدہ خالی ہوا ہے۔
آنند لال بنرجی کو آج ریزرو پولیس لائن میں سلامی اور پریڈ کے ساتھ الوداعیہ دیا گیا۔ آج پورے دن بحث کا یہ موضوع رہا کہ آئندہ ڈی جی پی کون ہوگا۔ ڈی جی پی دفتر میں سناٹا طاری رہا جو نام زیر غور ہیں اس میں جگموہن یادو، سوریہ کمار شکلا، وی کے گپتا اور رنجن دیویدی شامل ہیں۔