سانحہ منٰی کے متاثرین کے اہل خانہ نے شکایات درج کرانا شروع کردیں
ایران کی عدلیہ کے ترجمان کہا ہے کہ سانحہ منٰی میں شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے والوں کے اہل خانہ نے شکایات کے اندارج کے لئے عدلیہ سے رجوع کرنا شروع کردیا ہے۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین محسنی اژہ ای نے تہران میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سانحہ منٰی کے متاثرین کے اہل خانہ نے تحریری طور پر اور یا ٹیلی فون کے ذریعے شکایت درج کرنا شروع کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے آئندہ دنوں میں مزید لوگ سانحہ منٰی کے حوالے سے ایرانی عدلیہ سے رجوع کریں گے کیونکہ تاحال بہت سے ایرانی حجاج واپس نہیں آئے ہیں اور متعدد لاپتہ افراد کی شناخت بھی نہیں کی جاسکی ہے۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے کہا کہ سانحہ منٰی انتہائی افسوسناک سانحہ ہے اور ایران کی حکومت اور متاثرہ خاندان ہرگز اس پر خاموش نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ منٰی کے متاثرین کی شکایات سننے کے لئے خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے اور اٹارنی جنرل آفس نے متاثرہ خاندانوں کی طرف سے مقدمہ درج کرانے کے لئے ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
ایران کی عدلیہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ عالمی ادارے اور انسانی حقوق کے دعویدار سانحہ منٰی کے اسباب و علل کا پتہ لگانے کی غرض سے اپنی ذمہ داریوں پر سنجیدگی کے ساتھ عمل کریں گے۔