نئی دہلی، 9 اپریل (یو این آئی) سہارا گروپ نے آج سپریم کورٹ کو بتایاکہ کمپنی اپنی املاک فروخت کرنے کے لئے بین الاقوامی خریداروں کی تلاش کر رہی ہے لیکن کوئی بھی خریدار سودا طے کرنے کے لئے تہاڑ جیل میں سہارا کے سربراہ سبرت رائے سے ملاقات کرنا پسند نہیں کرے گا۔گروپ نے اس سودا کو حتمی شکل دینے کے لئے سہارا کے سربراہ کو تہاڑ جیل سے باہر نظربند رکھنے کی نئی تجویز پیش کی ہے۔ توہین عدالت سے متعلق
ایک معاملے میں مسٹر رائے اور کمپنی کے
دو ڈاکریٹر ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔سہارا گروپ کی طرف سے سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی نے جسٹس کے ایس رادھاکرشنن اور جسٹس جے ایس کہر کی خصوصی بنچ کے سامنے دلیل دی کہ کمپنی سرمایہ کاروں کا پیسہ لوٹانے کے لئے اپنی املاک کا سودا طے کرنے کیلئے بین الاقوامی صارفین سے رابطہ کر رہی ہے لیکن اس سودے کے لئے کوئی بھی صارف جیل جا کر مسٹر رائے سے بات کرنا پسند نہیں کرے گا۔ ایسی صورت میں پیسہ کے حصول کے لئے گروپ کی کوشش ناکام ہو جائے گی۔