تحقیق دانوں نے ایک مطالعاتی جائزے کے نتائج سے اخذ کیا ہے کہ خوراک میں زیادہ پھل اور سبزیاں شامل کرکے انسان دل کے امراض کو بآسانی دور رکھ سکتا ہے۔تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ کے معمول میں سبزیوں اور پھلوں کو اپنی خوراک میں شامل کرنا صحت کی ضمانت ہے۔تحقیق دانوں نے ایک مطالعاتی جائزے کے نتائج سے اخذ کیا کہ خوراک میں زیادہ پھل اور سبزیاں شامل کرکے انسان بآسانی دل کے امراض کو دور رکھ سکتا ہے۔اس تحقیق میں ۸ لاکھ سے زائد ایسے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا جنہوں نے پھل اور سبزیوں کو اپنی خوراک کا لازمی جزو بنایا تھا۔ یہ تحقیق ۴
برس سے ۲۶برس تک جاری رہی اور اس دوران ۵۶ہزار افراد کی موت واقع ہوئی۔یہ تحقیق امریکہ، ایشیا اور یورپ میں کی گئی۔
ماہرین کے مطابق ایسے افراد میں، جنہوں نے اپنی روزمرہ خوراک میں پھل اور سبزیوں کو شامل نہیں رکھا تھا، ان لوگوں کی نسبت مرنے کی شرح ۵ فیصد زیادہ تھی جو دن میں کم از کم ایک مرتبہ پھل یا سبزی کھاتے تھے۔ماہرین کہتے ہیں کہ روزانہ پھل اور سبزی کی مقدار بڑھانے سے شرح ِموت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے۔اس تحقیق سے یہ نتیجہ بھی سامنے آیا کہ پھل اور سبزیوں کو خوراک میں شامل کرنے سے دل کے امراض سے چھٹکارا تو مل جاتا ہے مگر پھل اور سبزیوں سے کینسر سے بچاؤ کے کوئی شواہد نہیں ملے۔اس تحقیق میں جن افراد سے ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اس میں انکی عمر، وزن، سگریٹ نوشی اور شراب نوشی جیسی عادات کو بھی مد ِنظر رکھا گیا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ سگریٹ نوشی یا شراب نوشی میں مبتلا افراد وقت سے پہلے مر سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق پھلوں اور سبزیوں میں وٹامنز، ریشہ اور نباتات پائے جاتے ہیں جو انسان کے جسم میں خون کے دورانیے کو بہتر بناتے ہیں۔پھل اور سبزیاں کھانے سے بلڈ پریشر کی شکایت بھی کم ہو جاتی ہے اور خون میں شکر کی مقدار بھی مناسب رہتی ہے، جس کے باعث ذیابیطس کی بیماری سے بھی افاقہ ہوتا ہے۔