بریلی۔ (نامہ نگار)۔ فوجی اسپتال سے لاپتہ ایک سبکدوش فوجی کی لاش آج صبح جنگل میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ لاش کی شناخت کے بعد پولیس نے اسے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ موصولہ خبر کے مطابق بدایوں کے اساوا تھانہ علاقہ کے گاؤں گوتارا کے باشندے سبکدوش فوجی موہت روی چوہان کی لاش آج صبح گاؤں چمپت پور کے جنگل میں ایک درخت سے لٹکتی ہوئی ملی۔ متوفی کے اہل خانہ نے بتایا کہ موہت دو سال قبل سبکدوش ہو گیا تھا اور ذہنی طور پر بیمار تھا۔ مقامی سطح پر اس کا علاج کرایا جا رہا تھا۔ دو دن قبل اسے بریلی کینٹ واقع فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اس کو تلاش کرنے کی کافی کوشش کی گئی لیکن اس کا پتہ نہیں مل سکا۔ آج صبح چمپت پور گاؤں میں لوگوں نے جنگل میں ایک درخت سے اس کی لا ش کو لٹکتے ہوئے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔