لکھنو:درگا پوجا، رام لیلا اور دسہرا کے تہواروں کو سبھی لوگ مل جل کر منائیں اور انتظامیہ کو امن بندوبست بنائے رکھنے میں مدد دیں۔ یہ باتیں منگل کو ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے تہواروں پر ہونے والے پروگراموں کے سلسلہ میں کلکٹریٹ واقع جلسہ گاہ میں جلسہ کے دوران کہیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن، محکمہ تعمیرات عامہ، لیسا سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ اپنے اپنے محکموں سے متعلق سبھی ضروری تیاریاں وقت سے پوراکرانا یقینی بنائیں۔انہوں نے بجلی محکمہ کے افسران سے کہاکہ درگا پوجا اور رام لیلاکے دوران بجلی سپلائی بغےر رکے کی جائے اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ بجلی کے تار اگر کہیں ڈھیلے ہوں اور ٹرانسفارمر کہیں گڑبڑ ہے تو انہیں وقت رہتے ٹھیک کرایا جائے۔ ضلع مجسٹریٹ نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ پارکوں کی صفائی پنڈال کی جگہوں کے آس پاس چونے کا چھڑکاو¿، ٹوٹی سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹ وغےرہ ضروری بندوبست ٹھیک کرائے جائیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ آئندہ دنوں میں خراب ہونے والے رام لیلا، دسہرا اور درگا پوجا کے موقع پر پنڈالوں میں آگ بجھانے والے آلات رکھے جائیں جس سے ممکنہ حادثوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پنڈال یا مستقل پنڈال بنانے میں سنتھیٹک اشیاءکابنا کپڑا یا رسی کا استعمال نہ کیا جائے۔ پنڈال کے چاروں طرف کھلی جگہ ہونی چاہئے جس سے لوگ محفوظ باہر نکل سکیں۔ پنڈال بجلی کی لائن کے نیچے کسی بھی حالت میں نہ لگایا جائے۔ سڑک سے پنڈال کی دوری کسی بھی حالت میں ضوابط سے کم نہیں ہونی چاہئے جس سے فائر سروس کی مشینیں جائے حادثہ تک پہنچ سکیں۔جلسہ میں سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش پانڈے نے کہا کہ نظم و نسق میں کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ جلسہ میں ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سٹی مغربی جے شنکر دوبے نے متعلقہ محکموں کے ذریعہ کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں تفصیل سے معلومات فراہم کرائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ ٹی جی اشوک کمار، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سٹی مشرقی ندھی شریواستو، ایڈیشنل ایس پی سٹی مغربی اجے کمار ، سٹی مجسٹریٹ شتروگھن ویش، ایس ڈی ایم صدر ارون کمار اور تمام ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ پولیس اور انتظامی افسرسمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔