اسلام آباد: عوام کے لئے خوشخبری ہے کہ ستمبر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی کے باعث پاکستان میں بھی پانچ سے سات روپے قیمت کم کرنے کی تجویز تیار کی جا رہی ہے۔ اب تک تیار کی جانے والی تجویز کے مطابق لائٹ ڈیزل 5 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل ساڑھے پانچ روپے، مٹی کا تیل چار روپے، ہائی آکٹین سات روپے جبکہ پٹرول چھ روپے پندرہ پیسے فی لٹر سستا کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی عوام کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی گئی تھی تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فارمولا مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت اس قدر زیادہ ریلیف نہیں دے سکتی۔ اب کی مرتبہ بھی اگر ڈار فارمولا آڑے نہ آیا تو قیمتیں کم ہو سکتی ہیں۔