لکھنؤ، 10 اپریل (یو این آئی) اترپردیس میں 16 ویں لوک سبھا کے پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ریاست کی دس سیٹوں پر آج صبح 7 بجے پولنگ شروع ہوگئی جو شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔راشٹریہ لوک دل کے صدر چودھری اجیت سنگھ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قانون ساز کونسل کے لیڈر حکم سنگھ، سابق فوجی سربراہ جنرل وی کے سنگھ، فلم اداکار راج ببر، مشہور فلم اداکارہ جیہ پردا اور نغمہ سمیت 146 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ آج الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں محفوظ ہوجائے گا۔انتہائی حساس مظفر نگر سمیت سہارنپور، کیرانہ، بجنور،میرتھ، باغپت، غازی آباد، گوتم بدھ نگر، بلند شہر (ریزرو) اور علی گڑھ پارلیمانی حلقوں میں آج پولنگ ہورہی ہے۔ گزشتہ اگست ۔ ستمبر میں فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والے مظفر نگر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں خصوصی چوکسی برتی جارہی ہے۔