امنگ کمار کی بے صبری سے انتظار کی جانے والی فلم میں، جو پاکستان میں ہندوستانی جاسوس قرار دے کر قید کر دیے گئے سربجیت سنگھ پر بن رہی ہے، ان کی بہن دلبیر کور کا رول تو ایشوریہ رائے کو مل گیا ہے لیکن سربجیت سنگھ کا رول کس کے حصے میں آئے گا اس بات کا انکشاف ابھی تک نہیں ہو پایا ہے۔ ویسے اس رول کے لیے جو نام خصوصیت سے لئے جا رہے ہیں وہ ہیں عرفان خان اور رندیپ ہڈا۔ دونوں ہیرو اس رول کو لے کر کافی سنجیدہ ہیں اور دونوں ہی اس کوشش میں ہیں کہ یہ رول انہیں ہی مل جائے۔ اس لئے کہ یہ ایک بایوپک فلم ہے اور اپنے آپ میں کافی اچھی ہوگی اور اس کی کامیابی کی امیدیں ابھی سے ہی لگائی جانے لگی ہیں۔ ایسے میں ایسا کون اداکار ہوگا جو یہ نہیں چاہے گا کہ وہ اس فلم میں کام نہ کرے۔ ویسے دلبیرکور کی پسند رندیپ ہڈاہی لگتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ سربجیت سنگھ کا خاندان پنجاب سے تعلق رکھتا ہے وہ پنجابی ہے اور رندیپ ہڈا کی قد کاٹھی اور باڈی لینگویج سربجیت کے کافی قریب ہے۔ اس لئے اس رول کے لئے رندیپ ہڈا کافی فٹ لگتے ہیں۔ دلبیر کور عرفان خان کی بھی تعریف میں کہتی ہیں کہ انہوں نے ان کی فلم پان سنگھ تومر دیکھی ہے اور وہ بہت ہی اچھے اداکار ہیں۔ لیکن پوری امید ہے کہ سربجیت سنگھ کا رول رندیپ ہڈا کے کھاتے میں آئے گا کیونکہ دلبیر کور کی پسند بھی وہ ہیں۔ اگر رندیپ ہڈا اس فلم میں سربجیت سنگھ کا رول کرتے ہیں تو ایشوریہ اس فلم میں ان کی بہن کے رول میں ہوں گی۔