اسلام آباد، 26 نومبر:گزشتہ اپریل میں پاکستان کی لاہور سینٹرل جیل میں قیدیوں کے حملے میں مارے گئے ہندستانی قیدی سربجیت سنگھ کا سامان یہاں ہندستانی ہائی کمیشن کو سونپ دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سامان جلد ہی ہندستان بھیج دیا جائے گا۔قبل ازیں ہندستانی حکام کی طرف سے اس سلسلہ میں چند ماہ قبل کی گئی درخواست پر سربجیت کا سامان پاکستان کی وزارت داخلہ بھیجا گیاتھا۔ لاہور جیل کے افسروں کے مطابق ان سامانوں میں پلیٹ ، پیالہ، چمچہ اور کپڑے جیسی ذاتی استعمال کی چیزیں اور کچھ کتابیں شامل ہیں۔خیال رہے کہ سربجیت کی موت کے بعد مئی 2013 میں ان کی بہن دلبیر کور نے پاکستانی حکومت سے سربجیت کی ڈائری، کپڑے اور دیگر سامان واپس لوٹائے جانے کامطالبہ کیا تھا، تاکہ وہ انہیں بھائی کی یادگار کے طور پرسنبھال کر رکھ سکیں۔