نئی دہلی،30 ستمبروزیر دفاع اے کے انٹونی نے پاکستان سے متصل کنٹرول لائن اور بین اقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کو آج “غیرمعمولی” واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی پاکستانی فوج کی مدد کا نتیجہ ہے۔
وزیر دفاع ایکے انٹونی نے جنوبی ایشیاسیکورٹی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ پاکستانی فوج کی مدد کے بغیر کنٹرول لائن کو پارکرنا ممکن ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں کی افواج سرحد پر تعینات ہیں تو دہشت گرد پاکستان کی جانب سے اس طرف کیسے آسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان ہندوستان کے ساتھ روابط میں بہتری کا خواہاں ہے تو دراندازی کے واقعات میں اضافہ کیوں ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سال جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کچھ زیادہ ہی ہوئی ہیں۔حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ گزشتہ تین مہینوں کے اندر 90 مرتبہ سمجھوتے کی کھلی خلاف ورزی ہوئی ہے۔دونو ں ممالک ملٹری آپریشن کے ڈائریکٹر جنرل نے ہاٹ لائن پر اس سلسلے میں بات چیت کی تھی۔
مسٹر انٹونی نے کہاکہ ہندوستانی فوج سرحد پر کسی بھی چیلنج کا سامناکرنے کے لئے مکمل طور پر مستعد ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے مگر اس سال غیرمعمولی وارداتیں ہوئی ہیں۔مجھے یقین ہے کہ ہمارے سلامتی دستے ہر صورت حال کا بخوبی مقابلہ کرنے کے اہل ہیں۔