نئی دہلی۔کپتان سردار سنگھ کی قیادت میں 21 رکنی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم دو سے 11 اکتوبر تک نیوزی لینڈ کے دورے پر جائے گی جہاں وہ ریو اولمپکس 2016 کی تیاریوں کیلئے چھ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔ہاکی انڈیانے بدھ کو 21 رکنی مرد ہاکی ٹیم کا اعلان کیا۔ ہندوستان اس دورے پر چھ میچوں کی سیریز کھیلے گا جس میں پہلے دو میچ نیوزی لینڈ اے ٹیم اور باقی چار نیوزی لینڈ کی سینئر قومی ہاکی ٹیم کے خلاف کھیلے جائیں گے۔ہاکی انڈیا نے بتایا کہ ہندوستانی ٹیم کا نیوزی لینڈ دورہ 27 نومبر سے چھ دسمبر تک رائے پور میں ہونے والے ہاکی ورلڈ لیگ اور اگلے سال ریو اولمپکس کی تیاریوں کے پیش نظر منعقد کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ہائی پرفارمینس ڈائریکٹر اور چیف کوچ رولیٹ اولٹمنس کی رہنمائی کے تحت ہاکی ٹیم کے دہلی کے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد مشق کیمپ کے بعد دورے کیلئے 21 رکنی ٹیم کو منتخب کیا گیا ہے۔ہندوستانی ٹیم سردار سنگھ کی کپتانی میں دورے کیلئے جائے گی جبکہ تجربہ کار پی آر شری جیش نائب کپتان کے کردار میں ہوں گے۔ ہندوستانی ٹیم کاہدف اس سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف کلین سویپ پر رہیں گی۔ اس کے پیش نظر ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم میں پاس اور کارنر کو گول میں تبدیل کرنے کی تکنیک پر بھی کافی کام کیا ہے۔نیوزی لینڈ کے دورے کیلئے منتخب کی گئی ٹیم پر اولٹمنس نے کہا ہمارے کھلاڑی نیوزی لینڈ کے دورے کیلئے بہت پرجوش ہیں اور انہیں اس دورے سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ ڈیو اسٹین فورتھ بھی تین ہفتے کیلئے گولکیپنگ کیمپ لگا رہے ہیں اور اس کے ذریعے گول کیپر کو اپنی تکنیک کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا اور وہ بھی نیوزی لینڈ میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہاکی ٹیم میں کافی اعتماد آیا ہے اور وہ اپنی کارکردگی کو ظاہر کرنے کیلئے بیتاب ہیں۔ کھلاڑی گزشتہ کافی ہفتوں سے اپنے پاس اور پنالٹی کارنر کی تکنیک پر کام کر رہے ہیں۔ ٹیم میں اب بہتر ہم آہنگی دکھائی دے رہی ہے۔ ٹیم کی کوشش نیوزی لینڈ کے دورے میں ڈی میں گیند کو پہنچانا اور کسی بھی موقع نہیں گنوانا ہوگا۔سیریز میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے دو میچ دو اور تین اکتوبر کو آکلینڈ میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور چوتھا میچ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف چھ اور سات اکتوبر کو نیلسن میں ہوگا۔ پانچواں میچ نو اکتوبر کو اور چھٹا اور آخری میچ 11 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ کے میدان پر کھیلے جائیں گے۔