گورکھپور (نامہ نگار)کوڑا گھاٹ آواس وکاس کالو نی میں رہنے والی ایک لڑکی نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا جارہاہے کہ کسی بات کو لیکر لڑکی کا تنازعہ اس کی والدہ سے ہوگیاتھا۔ لڑکی کے والد آرمی میں افسر ہیں۔ لڑکی نے ڈائری میں خودکشی کی تحریر میں ماں سے معافی مانگی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق بہار ریاست کے کھگڑیا کے باشندے کیدار ناتھ گوسوامی مغربی بنگال میں فوج میں لانس نائک کے عہدہ پر فائزہیں۔ کینٹ علاقہ کی کوڑاگھاٹ و
اقع آواس وکاس کالونی میں کیشو شرن کے مکان میں کیدار ناتھ گوسوامی بطو کرایہ دار اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔
کل رات کسی بات کے سلسلہ میں ششما اور اس کی ماں کے درمیان بحث ہوگئی۔ ناراض ہوکر اس نے کمرے میں جاکر پھندالگا کر خودکشی کرلی۔ کافی دیر کے بعد جب کمرے کا دروازہ نہیں کھلا تو لڑکی کے بھائی ابھیشیک نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ کنبہ کے لوگوں نے کمرہ کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو ششما کی لاش پنکھے سے لٹک رہی تھی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو نیچے اتارا ۔ لاش کے قریب میز پر ڈائری میں لڑکی کا تحریری نوٹ بھی ملا۔ جس میں ایک صفحہ پر ’آئی ایم سواری ممی‘نیچے ششما گوسوامی لکھا ہواتھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بی ایس این ایل افسر ہرش کمار مشرا کی بیٹی نے بھی سرزنش کئے جانے کے بعد ناراض ہوکر خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی تھی۔