کولمبو،7ستمبر(یو این آئی)سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے رواں ماہ پاکستان میں ہونے والی ونڈے اور ٹی-20 سیریز کے لئے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
سری لنکا کے وزیرکھیل ہارین فرنانڈو نے گزشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان جا کر ونڈے اور ٹی -20 سیریز کھیلے گی، اس پریس کانفرنس کے بعد پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے سری لنکا کے وزیر کھیل ہارین فرنانڈو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں یہ طے ہوا تھا کہ رواں ماہ سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان آکر ونڈے اور ٹی -20 سریز کھیلے گی اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ٹسٹ سیریز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اب سری لنکا کرکٹ ٹیم کے متعدد سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے سے منع کردیا ہے، انکار کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹی -20 کرکٹ ٹیم کے کپتان لستھ ملنگا، ونڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینجیلو میتھیوز شامل ہیں۔