بھوپال(بھاشا)مدھیہ پردیش میں آنے والے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے سنگل ونڈو سسٹم کو موثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ آراضی الاٹمنٹ کے طویل عرصے کے بعد بھی الاٹ آراضی کا استعمال نہ کرنے والے صنعت کاروں سے زمین واپس لینے کی کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے یہاں محکمہ روزگار وصنعت کاجائزہ لیتے ہوئے نوتشکیل تجارتی تنظیم کا جلسہ طلب کرنے کی ہ
دایت دی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہیں ہونا چاہئے۔ مسٹر چوہان نے اکتوبر۲۰۱۴ء میں اندور میں ہونے والے گلوبل انویسٹرس اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش میں سرمایہ داری کے خواہش مند ممالک کے سفارت خانوں، تجارتی گروپ، صنعت کاروں کو ابھی سے دعوت نامہ بھیج دیں تاکہ وہ اپنی آمد کا پروگرام بنا سکیں۔
جلسہ میں بتایا کہ اب تک ۱۵سے زیادہ صنعت کاروں کی منظوری حاصل ہو چکی ہے۔ مسٹر چوہان نے جون ، جولائی ماہ میں قومی و بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کو مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقف کرانے اور انہیں مدعو کرنے کیلئے روڈشو کا پروگرام بنانے کی ہدایت دی۔ مجوزہ پروگرام کے مطابق مسٹر چوہان قومی سطح پر کوئمبٹور، چنئی، بنگلور، حیدرآباد، ممبئی، پنے اور نئی دہلی میں روڈ شو کریںگے۔
بین الاقوامی سطح پر وہ جنوبی افریقہ، سنگاپور، جاپان، امریکہ، کناڈا، جرمنی ، بیلجیم، چین اور جنوبی کوریا جیسے ممالک میں روڈ شو کریںگے۔ جلسہ میں بتایا گیا کہ صنعت اور سرمایہ کاری سے متعلق محکموں میں سرمایہ کاری سہولت سیل قائم کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال ۳۰ہزار نوجوانوں کو ۳۳۲کروڑ روپئے کا قرض فراہم کرایا گیا اس سال ایک لاکھ نوجوانوںکو مدد دی جائے گی۔ جلسہ میں بتایا گیا کہ روزگار دفاتر کو پلیسمنٹ سینٹر کے طور پر فروغ دینے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔