لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ حضرت گنج سول اسپتال کے سامنے واقع سرن چیمبر میں منگل کی شام کو بجلی چیمبر میں شارٹ سرکٹ ہو گیا۔ شارٹ سرکٹ کے وقت ایک بجلی ملازم وہاں کام کر رہا تھاجو حادثہ میں زخمی ہو گیا۔ آناً فاناً میں اسے علاج کیلئے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔
اس حادثہ کی اطلاع فائر بریگیڈ اور پولیس کو دی گئی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی گاڑی نے آگ پر قابو پایا۔ سرن چیمبر میں پہلی منزل پرجانے والے زینے کے نیچے بجلی ڈسٹری بیوشن کیلئے ایک چیمبر بنا ہوا ہے۔ شام کو شکتی نگر کا رہنے والا پچاس سالہ پردیپ گپتا بجلی چیمبر میں کام کر رہا تھااسی دوران بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ ہو گیا۔ حادثہ میں پردیپ گپتا شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ وہیں بجلی کے تاروں میں آگ لگ گئی۔ سرن چیمبر میں بنے دفتر میں کام کر رہے لوگوں کو حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر ہجوم جمع ہو گیا۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ کے ایمر جنسی نمبر پر اطلاع دی گئی ۔ موقع پر پہنچی فائربریگیڈ کی ایک گاڑی نے کچھ ہی دیر میں آگ کومکمل طور سے بجھا دیا۔شدید طور سے جھلسے پردیپ کو علاج کیلئے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ایف ایس او کے مطابق بجلی چیمبر میں کام کررہا پردیپ ننگے ہاتھ کام کر رہا تھا۔ اسی وجہ سے وہ کرنٹ کی زدمیں آگیا اس کے ساتھ ہی سرن چیمبر میں آگ بجھانے کے آلات بھی کام نہیں کر رہے تھے۔دوسری جانب غازی پور تھانہ حلقہ واقع علاقائی شہر و ماحولیاتی مطالعہ کالج کیمپس میں جمع کوڑے کے ڈھیر میں آگ لگ گئی۔ اس کی اطلاع راہ گیروں نے پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو بروقت دی جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔ اطلاع کے مطابق بھوت ناتھ سبزی منڈی کے پاس شہر اور مطالعاتی کالج ہے۔ منگل کو تقریباً گیارہ بجے کالج کیمپس میں جمع کوڑے کے ڈھیر سے دھنواں نکلنے لگا۔ دیکھتے ہی دیکھتے کوڑے کے ساتھ آگ کی لپٹیں بھی نکلنے لگیں وہیں سبزی منڈی میں خریداری کرنے آئے کسی شخص نے آگ کی لپٹیں نکلتے دیکھ کر دکاندار کو بتایا۔ دکاندار موقع پر گیا اور فائر بریگیڈ محکمہ کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی اور کچھ ہی منٹوں میںآگ پر قابو پا لیا گیا۔