لکھنؤ(نامہ نگار)سروجنی نگر علاقہ میں ایک داروغہ کے گھرسنیچر کی دیر شب مسلح بدمعاشوں نے دھاوا بول دیا۔ بدمعاشوں نے داروغہ کے والد اور اس کے بھائی کو کمروں میں بند کر دیا اور گھر میں رکھی ایک الماری سے ۳۰ہزار روپئے نقد، ۴لاکھ روپئے کے زیورات اور قیمتی ملبوسات اٹھا لے گئے۔ داروغہ کے والد نے جب گھر میں بدمعاشوں کو دیکھا تو انہوںنے شور مچا دیا۔ شور ہونے پر محلہ والوںنے بدمعاشوں کو دوڑالیا۔ کچھ دور جانے کے بعد بدمعاشوں نے چار پانچ راؤنڈ فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ معاملہ میں پولیس نے داروغہ کے بھائی کی تحریر پر رپورٹ درج کرلی ہے۔
سی او سروجنی نگر ہریندر کمار نے بتایا کہ سروجنی نگر کے داروغہ کھیڑا واقع چندر شیکھر کالونی میں داروغہ آنند شرما کا کنبہ رہتا ہے۔ آنند موجودہ وقت میں کانپور میں تعینات ہے۔ آنند کے ساتھ ہی اس کا بھائی سوربھ بھی کانپور میں سپاہی کی ملازمت کر رہا ہے جبکہ ایک بھائی راجو غازی آباد میں سپاہی ہے۔ داروغہ کھیڑا میں آنند کے والد پدم نرائن شرما ، ماں اندراوتی، بھائی اودھیش اور اس کی بیوی پریتی رہتے ہیں۔ اودھیش شرما سیکورٹی کمپنی میں گارڈ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سنیچر کی شب تقریباً ۳بجے آدھا درجن مسلح بدمعاشوں نے داروغہ کے گھر حملہ کر دیا۔ بدمعاش گھر کا مین گیٹ کھول کر اندر داخل ہو گئے گھر میں گھستے ہی بدمعاشوں نے پدم اور اودھیش کے کمرے کی کنڈی باہر سے بند کر لی۔
اس کے بعد بدمعاش گھر کے اس کمرے میں پہنچے جہاں الماری رکھی تھی۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے الماری کو توڑا اور اس میں رکھے ۳۰ہزار روپئے، ۴لاکھ کے زیورات اور قیمتی ملبوسات نکال لئے۔ اس درمیان کمرے میں کھٹ پٹ کی آواز سن کر پدم کی آنکھ کھل گئی۔ انہوںنے کمرے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو وہ باہر سے بند تھا۔ پدم نے کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو گھر میں بدمعاش موجود تھے۔
بدمعاشوں کو دیکھ کر پدم نے شور مچا دیا۔ شورہوتے ہی بدمعاش نقد رقم، زیورات اور قیمتی کپڑے لے کر فرار ہو گئے۔ شور سن کر پڑوس میں رہنے والے رام وتی بھی جاگ گئے اور اس نے بھی شورمچانا شروع کردیا۔ شور شرابہ سن کردیگر مقامی لوگ بھی جاگ گئے اور مدد کیلئے پدم کے گھر پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں نے کمرے میں بند پدم اور اس کے بیٹے اودھیش کو باہر نکالا۔ اس کے بعد پدم ، اس کا بیٹا اودھیش اور دیگرلوگ بدمعاشوں کی تلاش میں نکلے۔ پدم کے گھر سے ۵۰۰ میٹر کی دوری پر لوگوںکو کچھ بدمعاش دکھائی دیئے۔ بدمعاشوں کو دیکھ کر ان لوگوں نے ان کو پکڑنے کیلئے شور مچانا شوع کر دیا۔ لوگوں کی بھیڑ دیکھ کر بدمعاشوں نے چار پانچ راؤنڈ ہوائی فائرنگ کی اور پھر وہاں سے فرار ہو گئے۔ بدمعاشوں کے فرار ہوتے ہی لوگوںنے اس کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی۔ لوٹ پاٹ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر سروجنی نگر پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے بھی بدمعاشوںکو کافی تلاش کیا لیکن کوئی پتہ نہ چل سکا۔ اس معاملہ میں پولیس نے داروغہ آنند کے بھائی اودھیش کی تحریر پر رپورٹ درج کر لی ہے۔
داروغہ کے بھائی کا ۵فروری کو ہے تلک
داروغہ آنند شرما کے بھائی کانپور میں تعینات سپاہی سوربھ کی فروری ماہ میں شادی طے ہے۔ ۵فروری کو اس کا تلک بھی ہے۔ کنبہ کے لوگ سوربھ کی شادی کی تیاری میں مصروف تھے بتایاجاتا ہے کہ لٹیرے سوربھ کی شادی کیلئے خریدے گئے زیورات اور سوربھ کی شادی کیلئے خریدے گئے قیمتی کپڑے اٹھا لے گئے ہیں۔
پتائی کرنے والوں کے بارے میں
پتہ لگا رہی ہے پولیس
داروغہ آنند شرما کے گھر ہوئی لوٹ کی واردات کے معاملہ میں تفتیش کر رہی پولیس کا کہنا ہے کہ بدمعاشوں کو آنند شرما کے گھر کے بارے میں پوری اطلاع تھی۔ ان کو اس بات کا بھی اندازہ تھا کہ گھر میں کس کمرے میں الماری ہے اور الماری سے ان کو کتنا مال مل سکتا ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس کو اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ سوربھ کی شادی کے سلسلہ میں گھر میں پتائی کا بھی کام چل رہا ہے۔ سروجنی نگر پولیس اب پتائی کا کام کرنے والے لوگوں کے بارے میں معلومات جمع کر رہی ہے۔