لکھنؤ:میٹل ٹریڈنگ و زمین کی خرید وفروخت کے نام پر سیکڑوں لوگوں سے ٹھگی کرنے والی ٹسکا اور پریششٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے منیجر راجیش راٹھور کو آج وبھوتی کھنڈ پولیس نے جیل بھیج دیا۔ آج بھی کمپنیوں کے خلاف وبھوتی کھنڈ تھانہ میں مزید۵۱ معاملے درج کرائے گئے ہیں۔ شکایت کنندگان کی فہرست میں ایک سی ایم او، ایس ڈی ایم اور ایک سی او رینک کے افسربھی شامل ہیں اب تک ٹسکا و پریششٹ کمپنی کے خلاف دھوکہ دہی کے۹۲ معاملے درج کئے جا چکے ہیں۔
ایس ایس پی نے ان دونوںکمپنیوں کے خلاف درج ہوئے معاملے کی تفتیش کیلئے سی بی آئی میں تعینات رہ چکے دو انسپکٹر ، ایک داروغہ سمیت ایس او وبھوتی کھنڈ پنکج سنگھ کو لگایا ہے۔ اس ٹیم کی قیادت ایس ایس پی نے سی او گومتی نگر ودیا ساگر کو سونپ دی ہے۔ سی او گومتی نگر پہلے سے ہی کروڑوں روپئے کی دھوکہ دہی کرچکی میگنم کمپنی کی بھی جانچ کر رہے ہیں۔
ایس او وبھوتی کھنڈ پنکج سنگھ نے بتایا کہ ابھی تک شکایت کنندگان میں صرف عام آدمی ہی نہیں بلکہ ایک سی ایم او، ایک ایس ڈی ایم اور ایک سی او رینک کے افسر بھی شامل ہیں ان تینوں افسران کے بھی لاکھوں روپئے کمپنی میں لگے تھے۔ آج بھی کمپنی کے خلاف مزید ۵۱؍افرادنے شکایت درج کرائی ہے۔ اس طرح اب تک کل ۹۲معاملے کمپنی کے خلاف درج کئے جا چکے ہیں۔ وبھوتی کھنڈ پولیس اب دونوں کمپنیوں کے دیگر افسران کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔ فی الحال ابھی تک کوئی گرفت میں نہیں آسکا ہے۔ کل ہی رجسٹری دفتر کے باہر کچھ وکلاء نے ٹسکا کمپنی کے ایک منیجر راجیش راٹھور کو پکڑ لیا تھا۔