ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز بونی کپور جنہوں نے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر کے حال ہی میں اپنے بیٹے ارجن کپور کی فلم ’’تیور‘‘ ریلیز کی ہے اب اپنی پرکشش بیوی سری دیوی کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔ارجن کپور کی سوتیلی والدہ اور بونی کپور کی دوسری بیوی اور مشہور اداکارہ سری دیوی سے متعلق بنائی جانیوالی یہ فلم ایک ڈرامہ اورجذباتی کہانی ہے جو ایک سوتیلی ماں اور اس کی سوتیلی بیٹی پر مشتمل ہے۔ فلم میں سوتیلی ماں کا کردار تو خود سری دیوی ہی ادا کریں گی جب کہ سننے میں آیا ہے کہ سوتیلی بیٹی کا کردار اب مشہور اداکار جوڑی کمل ہاسن اور ان کی اہلیہ ساریکا کی چھوٹی بیٹی اکشرا ہاسن ادا کریں گی۔اکشرا ہاسن جو بالی ووڈ میں ڈائریکٹر راہول بلکی کی فلم ’’شمیتابھ‘‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں جس میں بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ دیکھا جائے تو یہ بلکی ہی ہیں جو سری دیوی کو’’انگلش ونگلش‘‘ فلم سے دوبارہ فلموں میں واپس لے کر آئے ہیں اور انھوں ہی نے سری دیوی کی اس بائیو پک میں اکشرا ہاسن کو لینے کی سفارش
کی تھی۔ایک ذرائع کے مطابق ’’بونی کپور نے شمیتابھ فلم کے کچھ حصے دیکھے ہیں اور تبھی وہ اس نئی لڑکی اکشرا کی اداکاری سے متاثر ہوئے اور فیصلہ کیا کہ اکشرا ہی سری دیوی کے ساتھ اسکرین کا حصہ بنیں گی‘‘۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سری دیوی اور اکشرا کے والد لیجنڈری کمل ہاسن نے تامل زبان میں 21 فلمیں کی ہیں اور اسی طرح ہندی میں بھی کئی کلاسک فلمیں دی ہیں۔ اب اکشرا کے ساتھ سینئر اداکارہ سری دیوی فلم ’’انگلش ونگلش‘‘ کے بعد ایک مرتبہ پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہو رہی ہیں۔