کولمبو۔سری لنکا کے وزیر کھیل نوین دسانائیکے نے دنیا کے نمبر ایک بلے باز کمار سنگاکارا سے ٹسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کی منصوبہ بندی پر نظر ثانی کرنے کو کہا اور ان سے ایک اور سال کے لئے کھیلنے کی اپیل کی۔دسانائیکے نے نامہ نگاروں سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سری لنکا کرکٹ میں تبدیلی کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے 37 سالہ سنگاکارا کچھ اور وقت کھیلنے کے لئے
مان جائیں گے۔ دسانائیکے نے آج یہاں کہا کہ وزیر کھیل کے طور پر میں کمارا سے شائستہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور ملک کیلئے کم سے کم ایک اور سال کھیلے۔انہوں نے کہامیں نے نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ کے دوران سنگاکارا سے بات کی تھی۔انہوں نے کہاوہ کرکٹ انتظامیہ سے کافی مایوس اور ناخوش تھے اور اب چیزیں بدل گئی ہیں۔ اس لئے مجھے لگتا ہے کہ اس کا فیصلہ تبدیل ہوجائیگا۔وہیں سری لنکن کرکٹر کمارسنگاکارا نے بھی سیاست کے اکھاڑے میں چھلانگ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے اسٹار بیٹسمین کینڈی ڈسٹرکٹ سے عام انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔