کولمبو۔ 29 اکتوبر سری لنکا کی اے کرکٹ ٹیم نے کینیا کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 53 رنز سے شکست دے کر سات میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ کینیا کی ٹیم 188 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کولمبو میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ دنشکا گوناتھلکا نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 44 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں 4 چھکے بھی شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں دنیش چندیمل 24 اور لاہیرو تھریمانے 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کینیا کی طرف سے نیہمیا اوڈمبیو اور نیلسن اوڈمبیو نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ کینیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی۔ کپتان کولنز اوبوئیا 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا اے کی جانب سے پراسانا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔