نئی دہلی، 5 جنوری (یو این آئی) حکومت نے سری لنکا میں 77 ہندوستانی مزدوروں کے ساتھ بد سلوکی اور زیادتی کے معاملے میں ایک ہندوستانی کمپنی کے
خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ خارجہ اور غیر مقیم ہندوستانیوں کے امور کی وزیر سشما سوراج نے کل شب کولمبو میں ہندوستانی ہائی کمیشنر یش سنہا سے فون پر بات کی اور وہاں پھنسے ہوئے 77 مزدوروں کو وطن واپس بھیجنے کے لئے فوری انتظام کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محترمہ سوراج نے ان مزدوروں کو سری لنکا بھیجنے والی کمپنی کے خلاف شکایتوں کو سنجیدگی سے لیا ہے ۔ سرکاری سطح پر بھی اس کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ ایک پرائیویٹ اسپات کمپنی میں کام کرنے والے 77 مزدوروں کو یرغمال بنائے جانے کی رپورٹ موصول ہوئی تھی ،لیکن حکومت نے کہا ہے کہ ان مزدوروں کو یر غمال نہیں بنایا گیا ہے، صر ف محنت و مزدوری سے متعلق کچھ مسائل تھے جن کا حل تلاش کیا جارہا ہے۔