کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 47 اوور میں 188 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے سری وردھنے 66 اور کولاسیکرا 58 رنز بنا کر سرفہرست رہے. ان کے علاوہ چمیرا واحد کھلاڑی تھے جو دہرے ہندسے تک پہنچے اور 13 رنز بناسکے۔ سری لنکا کے 8 بلے باز دہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے 4، ڈوگ بریسویل نے 3 اور مک کلینگن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ ایڈم ملنے کے حصے میں آئی۔
میزبان کیوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف مارٹن گپٹل کے 79 اور برینڈن میک کولم کے 55 رنز کی بدولت 21 اوور میں ہی 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
روس ٹیلر 5 اور ہنری نیکولس 23 رنز بنا کرناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 28 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں ہی کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔