رامیشورم:سری لنکا کی بحریہ نے ایک بار پھر بین الاقوامی آبی حدود کے نزدیک ہندوستانی ماہی گیروں پر حملہ کیا ہے اور مچھلی پکڑنے والے جال نیز کم از کم 30کشتیوں میں رکھے لاکھوں روپے کا سازوسامان تباہ کردیاہے ۔آج صبح رامیشورم پہنچے ایک مقامی ماہی گیر نے بتایا کہ سری لنکا بحریہ نے گزشتہ شب مچھلی پکڑنے والی کشتیوں پر پتھراؤ کیا اور بندوق کی نوک پر مچھلی پکڑنے کے جال اور دیگر سازوسامان کو تباہ کردیا۔ساتھ ہی انہوں نے کشتیوں سے مچھلیاں ضبط کرلیں اور علاقے کو چھوڑکرجانے کی سخت وارننگ دی۔گو حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا لیکن کافی نقصان ہواہے ۔ماہی گیروں نے الزام لگایا کہ شریلنکا بحریہ نے بین الاقوامی آبی حدود پر چوبیس گھنٹے گشت بڑھا دی ہے اور ہندوستانی ماہی گیروں کو متنازعہ آبناک پاک میں مچھلی پکڑنے سے روکنے کے لئے اپنے جہازکو تعینات کردیا ہے ۔