نئی دہلی: کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر خارجہ سشما سوراج پر آج الزام لگایا کہ انہوں نے آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی سے پیسہ لیا ہے اور انہیں ملک کو اس کا حساب دینا چاہئے ۔مسٹر گاندھی پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ للت مودی سے مسز سوراج کے شوہر اور بیٹی نے پیسہ لیا ہے اور یہ پیسہ چھپا کر لیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کو یہ بتانا چاہیے کہ اس معاملے میں کتنے پیسے کا لین دین ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ للت مودی کو برطانیہ میں سفری دستاویزات جاری کرنے کے لئے وزیر خارجہ نے جو فیصلہ کیا اس کی اطلاع خارجہ سکریٹری اور لندن میں ہندوستانی ہائی کمشنر کو نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سوراج نے لوک سبھا میں اس معاملے پر کل جو بیان دیا ہے وہ تقریر بہت اچھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سوراج نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کا نام لے کر کہا تھا کہ اگر وہ ان کی جگہ ہوتی تو انہوں نے جیسا فیصلہ کیا ہے کیا وہ ویسا فیصلہ نہیں کرتیں۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ ان کی یہ صاف سمجھ ہے کہ اس معاملے میں مسز سوراج نے جیسا فیصلہ کیا ہے ویسا مسز گاندھی کبھی نہیں کرتیں۔