سعودی عرب میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملک کا اہم ایئرپورٹ جدہ 5 گھنٹے سے زائد وقت کے لیے ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند رہا، ہنگامی صورتحال میں ایئرپورٹ کی بندش سے دنیا بھر سے آنے اور جانے والی سو سے زائد پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ بیشتر پروازوں کو قریبی مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے کے بعد ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، اس وقت جدہ ائیرپورٹ پر تیار درجن بھر پروازوں کی روانگی روک دی گئی تھی جبکہ مختلف ممالک سے جدہ پہنچنے والی پروازوں کو سعودی عرب کی فضائی حدود میں ہی ہولڈ پر رکھا گیا۔
بیشتر پروازیں فضائی حدود میں ایک گھنٹے سے بھی زائد وقت کے چکر کاٹنے کے بعد مدینۃالمنورہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی تھیں جبکہ کچھ پروازوں کو دیگر متبادل ایئرپورٹ پر روکا گیا تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجے ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھولا گیا، ایئرپورٹ کی عارضی بندش کے بعد صبح 3 بج کر 3 منٹ پر سعودی ایئر لائن کی کارگو پرواز ایس وی 954 نے جدہ ایئرپورٹ پر پہلی لینڈنگ کی، یہ پرواز نیروبی سے وطن واپس پہنچی تھی، اس کے فوری بعد 3 بج کر 5 منٹ پر سمندر پر 25 منٹ کے چکر کاٹنے والی ایتھوپین ائیر لائن کی پرواز کو لینڈ کرایا گیا جبکہ گلف ایئر لائن کی پرواز 2175 نے جدہ ایئرپورٹ کھلتے ہی بحرین کے لیے پرواز کی۔
بعد ازاں مدینۃ المنورہ اور دیگر ایئرپورٹ پر روکی گئی پروازوں کی آمد اور روانگی کا سلسلہ شروع کیا گیا جبکہ آج صبح دس بجے تک پروازوں کا شیڈول معمول پر نہیں آ سکا تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اس ہنگامی صورتحال کی وجہ سے بیشتر پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کی گئی ہے۔