ریاض:رواں ہفتے کے دوران سعودی عرب اور یمن میں طوفان بادوباراں کے نتیجے میں اب تک 42 لوگوں کے ہلاک ہوجانے کی اطلاع ہے ۔یمن کے شمالی علاقوں میں شدید بارش کے بعد سیلاب آجانے سے 24 لوگوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں جبکہ سعودی عرب میں طوفانی بارش کی زد میں آکر اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔دونوں ملکوں کے حکام کے حوالے سے یہ آن لائن اطلاع العربیہ نے دی ہے ۔سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ ریاض سے حائل تک اور مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ ،البھا ،عسیر ،نجران اور جازان میں طوفانی بارش کے نتیجے میں اٹھارہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔محکمے نے سیلاب میں گھرے ہوئے 915 افراد کو بچایا ہے اور انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے ۔یمن کے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت صنعا سے شمال میں واقع صوبے عمران میں سیلاب سے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متعدد لاپتہ ہیں۔سیلاب سے بیسیوں مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور عمران اور حجہ کے درمیان بذریعہ سڑک رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔صنعا سے شمال مغرب میں واقع صوبے حجہ میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے چودہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔حجہ سے جنوب میں واقع صوبے آلمہویت میں ایک پشتے کے ٹوٹ جانے سے سیلاب آگیا اور سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی ہے ۔ کئی پل ٹوٹ گئے ہیں۔