ریاض ۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ ملک میں سرگرم محکمہ انسداد منشیات نے پچھلے تین ماہ کے دوران ایک ارب ریال مالیت کی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے منشیات کے علاوہ 60 لاکھ ریال کی رقم بھی قبضے میں لی ہے اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث 875 افراد کو حراست میں لے کر انہیں جیلوں میں ڈالا گیا۔ منشیات اسمگلروں کے خلاف آپریشن میں ایک سیکیورٹی اہلکار اور تیرہ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
بیان کے مطابق گذشتہ تین ماہ میں مجموعی طور پر تین کلو اور 438 گرام منشیات کی مختلف اقسام پکڑی گئیں۔ اس میں 899 گرام خام ہیروئن، چھ ٹن اور 698 کلو گرام حشیش اور ایک کروڑ نو لاکھ 51 ہزار ایم فیٹامین نشہ آور مواد پر مشتمل گولیاں شامل تھیں۔
منشیات اسمگلنگ میں ملوث 875 افراد میں سے 231 کا تعلق سعودی عرب سے ہے اور بقیہ 644 کا 34 مختلف ملکوں سے بتایا جاتا ہے۔