سعودی عرب کے شہر جازان میں ایک اسپتال میں آتش زدگی سے پچیس افراد جاں بحق اور کم سے کم ایک سو دس زخمی ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب کی شہری دفاع کی نظامت نے اپنے فیس بُک صفحے پر اطلاع دی ہے کہ جازان کے جنرل اسپتال میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق ڈھائی بجے آگ لگی تھی۔
اسپتال کی پہلی منزل میں سب سے پہلے آگ لگی تھی اور پھر وہ دوسرے حصوں تک پھیل گئی۔انتہائی نگہداشت کا یونٹ اور زچہ وبچہ وارڈ اسی منزل پر واقع ہیں۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
اسپتال میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے سعودی نظامت شہری دفاع کے کم سے کم بیس بریگیڈز کام کر رہے تھے اور دوسرے اداروں کے رضاکار بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔جائے وقوعہ پر موجود سعودی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
جازان شہر اسی نام کے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان کا دارالحکومت ہے اور یہ یمن کی شمالی سرحد کے ساتھ واقع ہے۔