جدّہ: رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب کے بہت سے علاقوں میں درجہ حرارت 65 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ایک ماہرِ موسمیات عبدالرحمان محمد الغامدی نے یہ پیش گوئی کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سائے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جبکہ دھوپ میں تقریباً 65 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
تاہم یہ ابھی محض دعویٰ ہے۔ اس لیے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اب تک کیلی فورنیا کی وادیٔ موت میں 56.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عبدالرحمان محمد الغامدی نے کہا کہ ’’21 جون سے مو
سم گرما زمین کے شمالی نصف کرّہ میں داخل ہوجائے گا، جب سورج کی شعاعوں کا رُخ عمودی ہوگا، چنانچہ سعودی عرب کے بہت سے علاقے شدید گرمی کی زد میں ہوں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بحرہند سے گرم اور مرطوب دباؤ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت باہم مل کر اس دوران گرمی کے احساس میں اضافہ کردے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شدید درجہ حرارت کے اضافے میں فیکٹریوں اور کاروں سے کاربن کا اخراج جیسے دیگر عوامل بھی شامل ہوسکتے ہیں۔