جدہ ۔ :مُرغبانی کچھ لوگوں کا پسندیدہ مشغلہ ہی نہیں بلکہ معقول آمدن کا ذریعہ اور ایک اہم پیشہ بھی ہے۔ جو لوگ مرغبانی کو بہ طور پیشہ یا مشغلہ اختیار کرتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ دنیا میں نایاب اور عمدہ نسل کی نہایت خوبصورت مرغیاں بھی موجود ہیں جن کی قیمت سوچ اور اندازوں سے کہیں آگے ہے۔
سعودی عرب کے شہر ریاض میں انہی نایاب، عمدہ نسل اور خوبصورت مرغیوں کا ایک میلہ سجا ہے جس میں کویت، بحرین، قطر اور دوسرے خلیجی ملکوں سے تعلق رکھنے والے مرغیوں کے شوقین بڑھ چڑھ کر شرکت کر رہے ہیں۔”سجاوٹی مرغیوں کی ملکہ” کے عنوان سے منعقدہ اس میلے کے منتظم ابو ناصر کو شکوہ ہے کہ لوگ انہیں مرغیوں کی بہت زیادہ قیمت وصول کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں نایاب نسل کی خوبصورت مرغیوں کا ایک سیٹ جس میں دو مرغیاں اور ایک مرغا شامل ہیں کی قیمت 2000 سے 15000 ریال تک ہے۔ بات یہ نہیں کہ مرغیوں کا وزن کتنا ہے بلکہ قیمت کا انحصار مرغیوں کی نسل اور خوبصورتی پر ہے۔
“العربیہ ڈاٹ نیٹ” سے گفتگو کرتے ہوئے ابو ناصر کا کہنا تھا کہ نایاب نسل کی مرغیاں خود بہ خود تیار نہیں ہو جاتیں، جو احباب قیمت کی زیادتی پر ہمیں ملامت کرتے ہیں وہ نہیں جانتے کہ ان کی دیکھ بحال پر کتنے اخراجات اٹھتے ہیں، تاہم مرغیوں کے عشاق جانتے ہیں کہ اگر وہ ہزاروں ریال کے عوض ایک مرغی خرید کر رہے ہیں تو وہ بھی مہنگی نہیں ہے۔
ابو ناصر نے بتایا کہ وہ دنیا کے مختلف ملکوں سے یہ مرغیاں منگواتے ہیں۔ ان میں ہندوستانی نسل کی “برہمن”،”السلکی”[ ریشمی پروں والی مرغی] اور فارسی مرغیاں خاص طور پر شامل ہیں جو اپنے قدرتی حسن بھی فقید المثال ہوتی ہیں۔ عرب ممالک سے”ویکمل” نامی مرغی شامل کی جاتی ہے۔ سب سے مہنگی مرغی بھارتی نسل کی براہمہ کی ہے جس کے ایک سیٹ کی قیمت پندر ہزار ریال تک بنتی ہے۔ دوسرے نمبر پر”السلکی” ہے جو دس ہزار ریال تک مل جائے گی۔ انسانی صحت کے اعتبار سے “السلکی” کا گوشت اور سوپ نہایت مفید سمجھے جاتے ہیں۔