لبنان کے سابق وزیراعظم سعد حریری نے شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے یمن میں سعودی عرب کے ’فیصلہ کن طوفان‘ آپریشن پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔ سعد حریری کا کہنا ہے کہ حزب اللہ سربراہ کا بیان ’’نفرت کا طوفان‘‘ ہے انہوں نے یمن میں ایرانی مداخلت روکنے کے لیے سعودی عرب کی فوجی کارروائی کی مذمت کر کے اپنی نفرت کا اظہار کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’’ٹیوٹر‘‘ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں سعد حریری کا کہنا تھا
کہ حزب اللہ کے جنرل سیکرٹری حسن نصراللہ کا بیان ’نفرت کا طوفان‘ ہے جو کسی تبصرے کے لائق نہیں ہے۔ سعودی عرب پر تنقید ایک ایسے شخص کی جانب سے کی گئی ہے جو غصے میں بے قابو اور ذہنی توازن کھو چکا ہے۔ اس طرح کے بیانات غصے اور ذہنی توازن درست نہ ہونے اور اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار شخص ہی دے سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ کے سربراہ کی تنقید کے باوجود لبنان اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ دونوں ملکوں کے عوام میں نفرت کے بیج بونے کی سازشیں ماضی میں بھی بہت ہوتی رہی ہیں۔ اس نوعیت کی شرانگیز مہمات آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
سعد حریری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور تمام خلیجی ممالک نے لبنان کی ہمیشہ مشکل وقت میں مدد کی ہے۔ لبنان میں ہونے والی خانہ جنگی کے خاتمے اور تعمیرو ترقی کے میدان میں سعودی عرب کی مساعی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔