عمان کی وزارت خارجہ میں سعودی عرب کے سفیر کو طلب کرکے صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر سعودی حملے پر احتجاج کیا گیا ہے
مسقط سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ میں سعودی عرب کے سفیر کو طلب کرکے صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر ہونے والے سعودی عرب کے حملے پر عمان کے اعتراض سے آگاہ کیا گیا- عمان کی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب سے یہ احتجاج اس لئے کیا گیا ہے کہ وہ یمن پر حملہ کرنے والے اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔
اس سے پہلے عمان کی وزارت خارجہ نے صنعا میں اپنے ملک کے سفیر کی رہائش گاہ پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری کی مذمت کی تھی۔
عمان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ صنعا میں اس کے سفیر کی رہائش گاہ پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعہ کی رات کو صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر بمباری کی تھی- عمان علاقے کا واحد عرب ملک ہے جو یمن پر جارحیت میں سعودی عرب کے ساتھ شریک نہیں ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر حملے کی مذمت کی ہے