علی گڑھ(نامہ نگار)ہندوستان میںسعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعودبن محمد الستی نے آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پالی ٹیکنک ( بوائز) کے آڈیٹوریم میں طلبأ اورا ساتذہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور عرب دنیا کے رشتے صدیوں قدیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی نظام اور تجارت کے میدان میں ان دونوں ممالک کے رشتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا ٹریڈ پارٹنر بن گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ہندوستان کو سب سے زیادہ خام تیل مہیا کرارہا ہے اور ہندوستان میں تیل کی20فیص
د ضرورت سعودی سے پوری ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی، بایو ٹیکنالوجی اور نینو ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی دونوں ممالک آپسی تعاون کر رہے ہیں۔سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ تعلیم و ثقافت کے میدان میں بھی دونوں ممالک کے درمیان آپسی تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکنالوجی، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود نے کہا کہ سرسید نے اپنی تمام زندگی جدید تعلیم کی ترویج و اشاعت کے لئے وقف کردی تھی۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے ان کا یہی ہدف ہے کہ سعودی یونیورسٹیوں اور ہندوستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان آپسی تعاون کو فروغ دیا جائے ۔