جدہ ۔ مسلسل محنت اور تگ دو انسان کی زندگی بدل دیتی ہے۔ یہ محاورہ بکثرت سنا جاتا ہے لیکن سعودی عرب میں ایک غریب گھرانے کی یتیم دوشیزہ سعیدہ العمری نے اس محاورے کو سچ کر دکھاتے ہوئے واقعی اپنی زندگی بدل ڈالی ہے۔
سعیدہ سعودی شہر دمام سے تعلق رکھتی ہے۔ اس کے کیریئر کی سولہ سالہ زندگی نہایت کٹھن اور دشوار ترین دور پر مشتمل ہے۔ اس عرصے میں وہ ایک خاکروبہ کے طور پر کام کرتی رہی ہے لیکن حال ہی میں وزارت محنت وافرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ ایک انعامی اسکیم میں وہ ایک لاکھ ریال کی خطیر رقم جیت گئی جس نے اس کی زندگی کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اس محنتی خوش نصیبہ کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزارت لیبر کی جانب سے ملک کے غریب لیکن محنت پسند نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے “اصرار ایوارڈ” کے نام سے ایک انعامی اسکیم شروع کر رکھی ہے۔ اس اسکیم کے تحت مشکلات سے لڑنے کا عزم رکھنے اور مسائل کا مردانہ وار اور مسلسل مقابلہ کرنے والوں کو بار بار “اصرار ایوارڈ” کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی دعوت دی جاتی ہے۔
سعیدہ نے بھی اپنی مشکلات میں گھری زندگی کے علی الرغم بہتری کی امید کے ساتھ “اصرار ایوارڈ” کے لیے تگ ود شروع کی۔ بالآخر وزارت محنت کو سعیدہ العمری کی شبانہ روز محنت اور کام کی لگن کا احساس کرتے ہوئے اسے انعام کا مستحق قرار دینا پڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اصرار ایوارڈ کا آغاز گذشتہ برس کیا گیا تھا۔ پچھلے سال بھی اسی نوعیت کے مختلف انعامات غریب اور مستحق لوگوں میں تقسیم کیے گئے۔ سعیدہ العمری رواں سال کے دوران یہ لاٹری جیتنے والی پہلی [خاتون] شہری ہیں۔
غربت کے باعث سعیدہ اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکی اور گریجویشن ادھوری چھوڑ کرایک ادارے میں خاکروبہ بھرتی ہو گئی۔ خاکروبہ کے بعد اس نے کچھ عرصہ ایک دوسرے ادارے میں خاتون سیکیورٹی اہلکار کے طور پر بھی کام کیا۔ وہاں اس کا ماہانہ معاوضہ ایک ہزار ریال سے زیادہ نہ تھا۔
ماہانہ تنخواہ کا ایک بڑا حصہ اس کے بس ڈرائیور کی جیب میں چلا جاتا جو اسے روزانہ گھرسے دفتر تک لے جاتا تھا۔ لیکن ان تمام تر صعوبتوں کے باوجود سیعدہ نے بہترسے بہترکی تلاش جاری رکھی۔ اس دوران اس نے گریجوایشن بھی مکمل کرتے کے بعد ایک اسکول میں تدریس بھی شروع کر دی۔ جب اسے پتہ چلا کہ حکومت مسلسل محنت کرکے اپنی زندگی میں بدلنے والوں کو انعام دیتی ہے تواس نےاس میں بھی قسمت آزمائی کی اور قسمت نے یہاں بھی اس کی یاوری کی اوروہ ایک لاکھ ریال کی لاٹری جیت گئی۔
العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے سعیدہ العمری کا کہنا تھا کہ اس کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ اس کا اللہ پر ایمان اور یقین ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ “میں جب جب بھی مشکل میں گھری تویہ سوچ کرمطمئن ہوجاتی کہ”اللہ صبرکرنے والوں کے ساتھ ہے”۔
سعودی وزارت لیبر نے کاروبار میں بار بار ناکامی کے بعد بالآخر کامیاب ہونے والے ایک نوجوان “ثامر الفرشوطی” کو بھی اس کی شبانہ روز محنت اور حوصلہ نہ ہارنے کے عوض انعامی رقم سے نوازا۔