سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی فرمان کے تحت مملکت کے وزیر برائے ہائوسنگ ڈاکٹر شویش الضویحی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ڈاکٹر عصام بن سعید کو نیا وزیر ہائوسنگ مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر بن سعید کو کابینہ کے ماہرین بورڈ کے کے چیئرمین اور وزیرمملکت کے اضافی
عہدے بھی دیے گئے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق نئے وزیر برائے ہائوسنگ ڈاکٹرعصام بن سعید اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں انہوں نے قاہرہ یونیورسٹی سے قانون میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے۔
اس سے قبل وہ کابینہ کے ماہرین بورڈ میں شعبہ قانون میں ریسرچ کے عہدے پر کام کرچکے ہیں۔ 2003ء کو انہیں ماہرین کونسل کے معاون چیئرمین کاعہدہ سونپا گیا جبکہ 2006ء کو انہیں ادارے کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
انہوں نے کابینہ کے زیرانتظام عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے قائم کردہ بورڈ میں اہم اصلاحات متعارف کرائیں اور عدالتی ڈھانچے میں ضروری تبدیلیاں کرانے کے ساتھ ساتھ قانون اور معاشیات کے حوالے سے منعقدہ عالمی فورمز میں سعودی حکومت کی بھی نمائندگی کی۔