لاہور: سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ سے چھٹی ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میں سے کسی کو بھی سلیکشن کیلیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ بورڈ حکام متفق ہیں کہ فارم اور فٹنس کی جانچ کیے بغیر سزا یافتہ کرکٹرز کو میدان میں اتارا تو باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی حق تلفی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر آئی سی سی اینٹی کرپشن قوانین میں ترمیم سے رعایت کے مستحق ٹھہرے، پیسر کو پابندی کے 5 سال ختم ہونے سے قبل ہی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی گئی تھی۔
وہ آئندہ ماہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں راولپنڈی ریمز کی نمائندگی کرینگے۔ انھیں یکم ستمبر کے بعد انٹرنیشنل میچز کیلیے بھی منتخب کیا جاسکتا ہے، دیگر شریک جرم کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف پر پابندی کے بھی 5،5 سال مکمل ہونے والے ہیں، البتہ دونوں کی بالترتیب 5 اور 2 سال کی معطل سزائیں برقرار ہیں جو دوبارہ کسی منفی سرگرمی میں ملوث ہونے پر لاگو ہوجائیں گی، آئی سی سی نے 19 اگست کو اپنی پریس ریلیز میں انھیں یکم ستمبر کے بعد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی آزادی دیدی تھی، لاہور کی ریجنل ایسوسی ایشن سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے کی خواہاں تھی۔