ممبئی۔ (یو این آئی) شاہ رخ خان ، جوہی چاولہ ، پریتی زنٹا کے بعد اب سلمان خان بھی انڈین پریمئیر لیگ آئی پی ایل ٹیم میں اپنی حصہ داری خرید سکتے ہیں ۔خبروں کے مطابق سلمان خان بھی شاہ رخ خان ، شلپا شیٹی اور پریٹی زنٹا کی طرح آئی پی ایل سے جڑنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ آئی پی ایل ٹیم میں حصہ داری لینے پر بھی غور کر رہے ہیں ۔کہا جا رہا ہے کہ سلمان خان نے حال ہی میں صنعت کار نیس واڈیا سے آئی پی ایل کے سلسلے میں بات چیت کی تھی ۔ یہ بات چیت ممبئی میں لٹل ہارٹ میراتھن کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد ہوئی تھی ۔
ذرائع کے مطابق سلمان خان میراتھن کے مہمان خصوصی تھے ۔ میراتھن کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد سلمان خان کو نیس واڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا اور نیس واڈیا آئی پی ایل فرنچائزی پنجاب کے مشترکہ مالک ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ سلمان کو کرکٹ میں دلچسپی رہی ہے اور وہ آئی پی ایل کے قوانین کو سمجھنے اور اس میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔
واضح رہے کہ پیسوں کے اس کھیل نامور ہستیاں پہلے سے ہی موجود ہیں اور اس میں گلیمر کا تڑکا دن بہ دن بڑھتا ہی جارہا ہے ایسے میں اگر سلمان خاں بھی ٹیم میں دلچسپی دکھائیں گے تو اس کی مقبولیت میں چار چاند لگ جائیں گے ۔ خیال رہے کہ یہ بات چیت ممبئی میں لٹل ہارٹ میراتھن کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد ہوئی تھی ۔