سلمان خان بالی ووڈ کے ایسے ہیرو ہیں جو اپنے ناظرین اور چاہنے والوں کی نبض بخوبی ٹٹولنے کا ہنر جانتے ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ وہ آج بھی ناظرین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور ان کی مقبولیت میں ذرہ برابر بھی کمی نہیں آئی ہے۔ وہ ہمیشہ سرخیوں میں بنے رہتے ہیں چاہے جو بھی راستہ اپنانا پڑے۔ سلمان خان کو فلمی دنیا میں آئے پچیس سال سے زیادہ ہو گیا ہے لیکن اس کے بعد بھی وہ ہر فلم سے اداکاری کی منزلیں طے کرتے چلے جا رہے ہیں اور کام کے تئیں ان کا لگاؤ آج بھی ویسا ہی ہے جیسے پہلے ہوا کرتا تھا۔ سلمان خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز انیس سواٹھاسی میں منظرعام پر آئی فلم بیوی ہو تو ایسی سے کیا۔ اس فلم میں سلمان خان کا ایک چھوٹا سا رول تھا۔ اس کے اگلے سال یعنی انیس سو نواسی میں راج شری پروڈکشن کے بینر تلے فلم میں نے پیار کیا میں سلمان خان کو کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم کافی ہٹ ثابت ہوئی۔ لیکن جتنی شہرت فلم کو ملی اس سے کہیں زیادہ کامیابی سلمان خان کے حصے میں آئی۔ اتنا ہی نہیں سلمان خان کا نام فلموں میں کام کرنے سے تو ہوا ہی اس کے علاوہ دوسرے معاملوں میں بھی وہ کافی مشہور رہے چاہے وہ تنازعہ کا معاملہ ہو یا ہیروئنوں سے افیئر کا معاملہ ہو چاہے معاملہ ہو بنداس انداز کا۔ ان کو شہرت تو ہر طرح سے ملی ہی۔
ان کا بنداس انداز ناظرین کو کافی پسند آیا۔ سلمان خان کی تنک مزاجی، کامیڈی اور اینگری ینگ مین رول یا دبی زبان میں غصے والے ڈائیلاگ کی لوگوں نے خوب تعریف کی۔ سلمان خان نے ہی فلموں کے ہٹ ہونے کا پیمانہ سو کروڑ کا نیا فارمولہ دیا۔ اسی کا نتیجہ رہا کہ ان کی وانٹیڈ اور دبنگ جیسی فلموں نے کامیابی اور کمائی کی اصطلاح ہی بدل دی۔ سرخیوں میں بنے رہنے کا ہی ایک ہتھکنڈا ہے کبھی شاہ رخ خان کو اپنے سے دور کرنا کبھی انہیں گلے لگانا۔ ان کی شادی کا راز تو ان کی یوایس پی کو برقرار رکھتا ہے۔ سلمان خان نے گزشتہ کئی برسوں سے اپنے سے آدھی یا کم عمر کی ہیروئنوں کے ساتھ کام کیا۔ اس درمیان قطرینہ کیف ان کافی قریب مانی جاتی تھی۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ سلمان خان کو اپنا گرو بنا چکی ہیں۔
چاہے جو بھی ہتھکنڈہ اپنانا ہو سرخیوں میں بنے رہنے کے لئے سلمان خان بہتر طریقے سے اپناتے ہیں۔دوسری طرف بگ باس سے لوگوں میں اپنی پہچان بنانے والی غیر ملکی حسینہ ایلی اورام کی تمنا ہے کہ وہ سلمان خان کی ہیروئن بن کر ہندی فلموں میں آئیں۔ آخر ایسی تمنا ایلی اورام کے دل میں کیوں نہ ہو۔ بالی ووڈ کی تمام نئی ہیروئنوں کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایک عددفلم سلمان خان کے ساتھ ضرور کریں۔ کیونکہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنا انہیں فائدہ پہنچاتا ہے۔ ابھی ایلی اورام عباس-مستان کی ایک فلم میں چھوٹا سا رول کر رہی ہیں۔ لیکن وہ موقع کی تلاش میں ہیں کہ سلمان خان کے ساتھ ان کی جوڑی بن جائے۔ ایلی اورام سلمان خان کے ساتھ نہ صرف کام کرنا چاہتی ہیں بلکہ ان کی ضد ہے کہ جب بھی کوئی موقع ملا تو وہ اس فلم میں سلمان خان کی ہیروئن ہی بنے گی۔ ایلی اورام کی ضد کب پوری ہوتی ہے اس میں وقت لگ سکتا ہے۔ اگرچہ بگ باس -۷ میں سلمان خان کئی بار ایلی کی تعریف کر چکے ہیں اور وہ قریب بھی آئے۔ بگ باس -۷ کے ختم ہونے کے بعد بھی ایلی اورام سلمان خان کے درمیان نزدیکی برقرار رہی۔ اب دیکھنا ہے کہ سلمان خان کے ہاتھوں کا سہارا ایلی اورام کو کب ملتا ہے۔