لکھنو¿۔ (نامہ نگار)۔ بازار کھالہ میں ایک ہوٹل میں کھانا پکاتے وقت سلنڈر میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے تیز دھماکہ ہوا۔ جس سے علاقہ کے قرب و جوار کی دیواروں میں بھی دراڑ آگئی۔ آگ بجھانے میں ایک ملازم بھی جل گیا۔ حالانکہ وقت سے ملازمین باہر نکل آگئے تھے جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ نہیں ہو سکا۔واقعہ کی اطلاع پولیس اور فائر بریگیڈ کو دی گئی۔ بازار کھالہ کے بلاقی اڈہ پر موتی جھیل علاقہ کے رہنے والے سشیل شکلاکی اناپورنا نام کا ایک سبزی کا ہوٹل ہے۔ شام پانچ بجے دکان کے ملازم کھاناپکا رہے تھے ،اسی دوران سلنڈر کا پائپ نکل جانے کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ پہلے ملازمین نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جس میں ایک ملازم پپو کا ہاتھ اور پیٹ جل گیا۔ آگ کو بڑھتا ہوا دیکھ کر سبھی ملازم باہر چلے گئے۔اس درمیان تیز دھماکہ کے ساتھ سلنڈر پھٹ گیا جس سے پورا علاقہ دہل گیا۔ نصف گھنٹے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی نے آگ پر قابو پایا۔ گاڑی کے دیر سے پہنچنے کا سبب بتاتے ہوئے ایف ایس او نے کہا کہ نخاس میں اتوار کی بازار کی وجہ سے جام لگا تھا جس کی وجہ یہاں پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔ آگ سے جلے ملازم کو اسپتال پہنچا دیا گےاجہاںاس کا علا ج چل رہا ہے۔