میر پور۔سری لنکانے اپنے سلامی بلے باز سلوا کی بہترین ایک سو انتالیس رنوں کی اننگ کے دم پر بنگلہ دیش پر پہلے ٹسٹ میں شکنجہ کس لیا ہے۔ سری لنکا نے پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل ختم ہونے کے وقت پانچ وکٹ کے نقصان پر تین سو 75رن بنا لئے تھے اور اس کو مجموعی سبقت ایک سو تینتالیس رنوں کی مل گئی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے آج پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن کرونارتنے اور سنگا کارا نے بھی نصف سنچری بنائی ۔سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ کے پہلے ہی دن مشکل میں ڈال دیا۔ اسپورٹنگ وکٹ بنوانے کا شوق ہوم سائیڈ کو مہنگا پڑگیا۔ شمندا ایرانگا اور سورنگ لکمل معاونت فراہم کرتی پچ سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور نپی تلی بولنگ کرکے میزبان بیٹنگ لائن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ وکٹ کے غیر معمولی بائونس نے بنگلہ دیش ٹیم کو سنبھلنے نہ دیا۔ کپتان مشفیق الرحیم اور آل رائونڈر شکیب الحسن نے ہمت دکھا کر وکٹ پر قیام کیا اور کسی حد تک قابل ذکر مجموعہ حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش کی ٹیم 232 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پیر کو یہاں شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور میں میچ کے پہلے دن سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر شمس الرحمٰن کو ٹیسٹ کیپ دی گئی۔ پچ میں موجود نمی سے مہمان بولرز نے خوب فائدہ اٹھایا اور ابتدا ہی سے تیز بائونسرز اور عمدہ لائن کے سبب بیٹسمینوں کیلئے سخت مشکلات پیدا کیں۔ کھانے کے وقفے تک بنگلہ دیش ٹیم کی حالت قابل رحم ہو چکی تھی۔ تمیم اقبال 6، شمس الرحمٰن 33، مارشل ایوب ایک اور مومن الحق 8رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ 49 پر 4 وکٹیں گر جانے کے بعد شکیب الحسن اور کپتان مشفق الرحیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 86رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور 145تک پہنچا دیا۔ شکیب الحسن 55رنز بنانے کے بعد رنگانا ہیراتھ کا نشانہ بنے جبکہ مشفق الرحیم نے61رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ سوہاگ غازی نے آخر میں 42رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ ناصر حسین 4،روبل اسلام5اور روبل حسین 2رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے شمندا ایرانگا نے4، سرنگا لکمل نے3، رنگانا ہیراتھ نے 2 اور اینجلو میتھیوز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 60 رنز بنا لئے۔ دیمتھ کرونا رتنے 28 اور کوشل سلوا 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔دوسری جانب سری لنکا کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین پراسننا جے وردھنے ذاتی وجوہات کی بنا پر وطن لوٹ گئے۔پراسننا جے وردھنے کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل گھر سے پریشان کن خبر موصول ہوئی جس کے بعد وہ فوری طور پر وطن واپس لوٹ گئے۔ اس طرح ان کی 4 فروری سے شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔ 34 سالہ جے وردھنے کی ایک سال بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں واپسی ہوئی تھی۔سیریز میں ان کی بطور وکٹ کیپر اور بیٹسمین کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ان کی جگہ دنیش چندیمل وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔