پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کیلئے ٹیم کی سلیکشن کے عمل پر تنقید کرنے پر ہیڈ کوچ فل سمنز کو معطل کردیا ہے۔
ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بورڈ کی مینجمنٹ نے ایکشن لیتے ہوئے ہیڈ کوچ کو معطل کردیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہیڈ کوچ ٹیم کے ہمراہ سری لنکا نہیں جائیں گے۔
بورڈ کے مطابق جب تک اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سلیکشن پینل کے رکن اور سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر ایلڈین بیپ ٹسٹ انجام دیں گے۔
رواں سال کے آغاز میں کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے والے فل سمنز نے ڈیوین براو اور کیرون پولارڈ کو مستقبل ایک روزہٹی سے باہر رکھنے پر ٹیم سلیکشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں 50 اوورز کی بہترین ٹیم میسر نہیں۔
ویسٹ انڈین ٹیم دورہ سری لنکا میں دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
ویسٹ انڈیز کے دورہ سری لنکا کا آغاز آٹھ اکتوبر کو کولمبو میں پریذیڈنٹ الیون کے خلاف سہ روزہ میچ سے ہو گا۔