فیض آباد۔ (نامہ نگار)۔ پورا قلندر تھانہ حلقہ کے بھدرسا بازار میں سماج وادی پارٹی کے ایک پارلیمانی حلقہ امیدوار کی گاڑیوں کے قافلہ نے تین سالہ بچے کو کچل دیا۔ شدید زخمی حالت میں بچے کو ضلع اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متوفی لڑکے کے ساتھ آئے کچھ لوگ زبردست اسپتال سے بچے کی لاش کو لیکر چلے گئے مگر پولیس نے سرگرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حادثہ میں موت کا شکار ہوئے لڑکے کی لاش کو اپنے قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کروایا ہے۔ اتوار کو سہ پہر تقریباً تین بجے دو گاڑیاں عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں بھدرسا کی جانب سے گزریں۔ ایک گاڑی میں سماج وادی پارٹی کے پارلیمانی امیدوار تھے۔ایک تیز رفتا رگاڑی نے تین سالہ امت نشاد ولد ببن نش
اد ساکن بھدرسا کو کچل دیا جس سے اس کی موت ہو گئی ۔
لوگ بچے کو لیکر ضلع اسپتال پہنچے جہاں تعینات ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچے کی لاش کو لے جانے سے روکا مگر لوگ اسے زبردستی لیکر چلے گئے۔انہوں نے اس کی اطلاع فوراً چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر این پی سنگھ کو دی جنہوں نے حادثہ کی اطلاع اعلیٰ پولیس افسران کو دی۔
اطلاع ملنے پر علاقائی پولیس کے افسر حرکت میں آئے اور پورا قلندر تھانہ پولیس کی مدد سے لاش لیکر لوٹ رہی گاڑی کو روک کر بچے کی لاش کو قبضہ میں لے لیا ۔اس معاملہ میں رپورٹ درج کی گئی ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ تھانہ انچارج پورا قلندر نے یہ نہیں بتایا ہے کہ حادثہ کرنے والی گاڑی اور اسے چلا رہے ڈرائیور کو پکڑا گیا ہے یا نہیں مگر رپورٹ درج کرنے کی انہوں نے تصدیق کی ہے۔