کانپور (نامہ نگار)ملک میں کہیں بھی مودی کی لہر نہیں ہے۔ صرف پارٹی نے اس بات کو ہوا دے رکھی ہے ۔ لوک سبھا الیکشن میں سماجوادی پارٹی کی لڑائی اگر کسی جماعت سے ہے تو وہ صرف بی جے پی سے۔الیکشن کے بعد ملک میں تیسرے محاذ کی حکومت بنے گی۔
یہ باتیں سنیچر کو اکبر پور پارلیمانی حلقہ سے امیدوار کی حمایت میں عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کہیں۔اکبر پور کے رام سروپ گوڑ ڈگری کالج میں منعقد عوامی جلسہ میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ریاست میں ریلی کے دوران جن پارٹیوں کے اسٹیج ہوا کا رخ نہیں جھیل سکے وہ کیا ملک کی قیادت کریں گے۔ریاست اور ملک کے عوام کے سامنے سماجوادی پارٹی ہی واح
د متبادل ہے۔ یہ بات الیکشن کے بعد سامنے آجائے گی۔ایس پی سربراہ نے کہا کہ ملک میں تیسرے محاذ کی حکومت بنے گی اور ایس پی میں اس میں اہم کردار نبھائے گی۔کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ جو دھوکہ اور وعدہ خلافی کی ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ وہ لوک سبھا الیکشن میں میدان سے باہر ہے۔بی ایس پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت میں ریاست کو اندھادھند لوٹا گیا۔اسی کی وجہ سے الیکشن کے بعد اس کا بھی صفایا ہوجائے گا۔ریلی کے دوران ملائم سنگھ یادو نے کارکنوں اور حامیوں سے دو ٹوک کہا کہ یہ الیکشن میرا ہے کہیں کوئی گڑبڑی نہیں ہونی چاہئے۔ آپ لوگ متحد ہوکر کام کیجئے تبھی دہلی میں آئندہ حکومت ایس پی کی قیادت میں بنے گی۔۲۴؍اپریل کو اکبر پور پارلیمانی نشست پر ہونے والی پولنگ کے سلسلہ میں عوام سے سائیکل کا بٹن دبانے اور پارٹی امیدوار لال سنگھ تومر کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سابق چیئرمین چودھری سکھرام سنگھ یادو،رکن اسمبلی رام سروپ گوڑ،منند رشکلا، ستیش نگم،ضلع صدر لاکھن سنگھ یادو،نربھے سنگھ یادو،اور وویک دویدی اشونی گپتا،سچن ووہرا، ونود پرجاپتی، سبودھ تیواری سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔