لکھنؤ۔(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی نے بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر شکست کے خوف سے بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر آمادہ ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجیندر چودھری نے کہا کہ بی جے پی نے جھوٹی ہوا بنائی تھی اور اب اس کا پردہ فاش ہونے لگا ہے ۔ اس لئے بی جے پی لیڈر اپنا ذہنی توازن کھونے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پوری طرح غیر جانبدارانہ انتخاب کرانے کیلئے پابندعزم ہے۔ ریاستی حکومت کے افسر اقتدار کا غلط استعمال قطعی طور پر نہیں کررہے ہیں۔ مسٹر چودھری نے مزید کہا کہ ریاست میں تین مرحلوں کے غیرجانبدارانہ انتخابات مکمل ہوجانے کے بعد بی جے پی لیڈر ریاست کے افسران کے خلاف عہدے
کے غلط استعمال کرنے کا الزام بے بنیاد اور حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ سماجوادی پارٹی جمہوریت کے اصولوںپر یقین کرنے والی پارٹی ہے اور ہمیشہ غیر جانبدارانہ انتخاب کی حمایتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا بی جے پی سمیت تمام پارٹیوں کو ریاستی حکومت کی منشا پر سوالیہ نشان لگانے سے باز رہنا چاہئے۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے مشاہدین کے ذریعے انتخابی سرگرمیوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہنواز حسین کو ریاستی حکومت پر الزام عائد کرنے سے پہلے الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار کو بہتر طریقے سے سمجھ لینا چاہئے۔